(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری کا کہنا ہے کہ حکومت آج سے بجلی کی خریداری سے عملی طور پر باہر ہو رہی ہے، کسی کو حق نہیں ہوگا کہ حکومت کو بجلی بیچ سکے اور نہ حکومت خرید سکے گی۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو سستی بجلی کی فراہمی ترجیح ہے، آئندہ 5 سال میں 800 میگاواٹ بجلی کی نیلامی کی جائے گی، پہلےمرحلےمیں400 میگاواٹ نیلامی کے لیے پیش کئے جارہے ہیں، کاروباری ادارے اور صنعتیں مسابقتی بنیادوں پر پاورپلانٹس سے بجلی خرید سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت ایک نظام کے تحت بجلی خریدکر عوام تک پہنچاتی ہے، بجلی کی خریداری کی شرائط سےمتعلق عوام کے ہمیشہ سوالات رہے ہیں، آئی پی پیز کا نام آج بدنام ہوچکا ہے۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ حکومت آج سے بجلی کی خریداری سے عملی طور پر باہر ہو رہی ہے، کسی کو حق نہیں ہوگا کہ حکومت کو بجلی بیچ سکے اور نہ حکومت خرید سکے گی، ملک میں بجلی پیداکرنے والے اور استعمال کرنے والے آپس میں خود خرید و فروخت کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی کی خرید و فروخت کا نظام شفافیت پر مبنی ہوگا، اس نظام کا اطلاق سب سے پہلے صنعتی یا بڑے صارفین پر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے سالوں میں بجلی کی ایک منڈی بنے گی، اس نظام کے تحت ایک عام صارف بھی اپنی مرضی سے بجلی خرید سکے گا، اب حکومت بجلی خرید کر زبردستی اپنے ریٹس پر عوام کو نہیں بیچ سکے گی۔
اویس لغاری کا مزید کہنا تھا پہلے مرحلے میں ایک میگاواٹ سے بڑے صارفین اس سے مستفید ہوں گے، سستی بجلی ملنے سے انڈسٹری عالمی منڈی میں مسابقت برقرار رکھ پائے گی، ہماری صنعتیں عالمی منڈیوں میں اپنی مصنوعات برآمد کر سکیں گی۔