چلتی گاڑی میں زیادتی کی کوشش، مزاحمت پر خاتون قتل

چلتی گاڑی میں زیادتی کی کوشش، مزاحمت پر خاتون قتل
کیپشن: چلتی گاڑی میں زیادتی کی کوشش، مزاحمت پر خاتون قتل

ویب ڈیسک: بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر لکھنؤ میں ایک 26 سالہ بیوٹیشن کو بہیمانہ طریقے سے قتل کر دیا گیا، واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ شادی کی تقریب سے واپس آ رہی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتولہ کو چلتی گاڑی میں جنسی زیادتی کی کوشش کے دوران مزاحمت پر چاقو کے وار سے ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں تین افراد ملوث ہیں جن میں سے دو کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ تیسرا مفرور ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق، سدھانشو نامی شخص نے مقتولہ کو ایک شادی کی تقریب میں بطور مہندی آرٹسٹ مدعو کیا تھا اور اسے لینے کے لیے گاڑی بھیجی گئی تھی۔ متاثرہ لڑکی اور اس کی بہن کو تین افراد نے گاڑی میں بٹھایا اور تقریب میں لے گئے۔

واپسی پر ان افراد نے دونوں بہنوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر ایک شخص نے بیوٹیشن کی گردن پر چاقو سے وار کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئی۔ زندہ بچ جانے والی بہن نے بتایا کہ حملے کے دوران گاڑی ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹ گئی، جس کے باعث دونوں خواتین گاڑی میں پھنس گئیں۔

مقامی افراد کے پہنچنے سے قبل ہی ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہو چکے تھے۔ متاثرہ بہن کے مطابق ملزمان نے دھمکی دی کہ اگر واقعے کی اطلاع پولیس کو دی گئی تو وہ خاندان کو قتل کر دیں گے۔

بیوٹیشن کے شوہر نے پولیس میں مقدمہ درج کروایا ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ مقتولہ کا ایک 3 سالہ بیٹا بھی ہے۔ پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے اور تیسرے ملزم کی تلاش جاری ہے۔

Watch Live Public News