مشہوربرینڈ نے5دہائیوں بعدچاکلیٹ بندکرنےکااعلان کردیا

مشہوربرینڈ نے5دہائیوں بعدچاکلیٹ بندکرنےکااعلان کردیا
کیپشن: مشہوربرینڈ نے5دہائیوں بعدچاکلیٹ بندکرنےکااعلان کردیا

ویب ڈیسک:دنیا بھر میں پسند کیے جانے والے سوئس چاکلیٹ برانڈ ٹوبلیرون کی مقبول ترین ڈارک چاکلیٹ بار کو تقریباً 60 سال بعد برطانیہ میں بند کر دیا گیا ہے۔جس کے بعد یہ چاکلیٹ اب برطانیہ سمیت مختلف ممالک کی دکانوں میں دستیاب نہیں ہوگی۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ٹوبلیرون ڈارک چاکلیٹ اپنی منفرد تکون شکل اور گہرے ذائقے کی وجہ سے دنیا بھر میں کئی عشروں تک پسند کی جاتی رہی، تاہم حالیہ برسوں میں اس کی فروخت میں کمی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں کمپنی نے یہ فیصلہ کیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین کے ذوق میں تبدیلی اور مارکیٹ کے رجحانات میں رد و بدل کے باعث انہیں اپنی پروڈکٹ لائن پر نظرثانی کرنا پڑی۔ ٹوبلیرون کی دیگر اقسام جیسے ملک چاکلیٹ، سفید چاکلیٹ اور اسپیشل ایڈیشنز بدستور مارکیٹ میں دستیاب رہیں گی۔

پہلی بار ٹوبلیرون 360گرام چاکلیٹ کب متعارف ہوئی؟

ٹوبلیرون کی اصل چاکلیٹ بار سب سے پہلے 1908 میں تیار کی گئی تھی، ٹوبلیرون کا 360 گرام وزنی ڈارک چاکلیٹ بار 1969 میں متعارف کرایا گیا تھا،جس میں 50 فیصد کوکو شامل تھا، جو اپنی منفرد مثلثی شکل اور گہرے ذائقے کی بدولت صارفین میں مقبول رہا۔

مونڈیلیز نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا یہ ورژن صرف برطانیہ میں بند کیا جا رہا ہے یا دنیا کے دیگر حصوں میں بھی ایسا ہی ہوگا۔ اسی طرح یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ ڈارک چاکلیٹ کے دیگر سائزز پر کیا اثر پڑے گا۔

قیمتوں میں اضافہ، سپلائی متاثر

بی بی سی نےرپورٹ میں بتایا ہے کہ ٹوبلیرون کا نام بانی کے نام "ٹوبلر" اور اطالوی لفظ "تورونے" (جو شہد اور بادام سے بنی نوگا کا ایک مخصوص انداز ہے) کو ملا کر رکھا گیا تھا۔

ٹوبلیرون کی منفرد مثلثی شکل کو عام طور پر سوئٹزرلینڈ کے مشہور پہاڑ میٹرہورن سے متاثر کہا جاتا ہے، جس کی تصویر چاکلیٹ کی پیکنگ پر بھی موجود ہوتی ہے، حالانکہ اس حوالے سے مکمل طور پر یقین سے کچھ کہنا مشکل ہے۔

گزشتہ چند برسوں میں چاکلیٹ کی صنعت کو خام مال خصوصاً کوکو کی قیمتوں میں اضافے جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ برطانیہ کے قومی شماریاتی دفتر (ONS) کے مطابق، مارچ 2025 تک چاکلیٹ کی قیمتوں میں 13.6 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔

ماہرین کے مطابق کوکو کی قیمتوں میں یہ اضافہ مغربی افریقی ممالک گھانا اور آئیوری کوسٹ میں ناقص پیداوار کے باعث ہوا ہے، جو دنیا بھر کے 60 فیصد کوکو کی پیداوار کے ذمہ دار ہیں۔

چوکوکو (Chococo) نامی پریمیئم چاکلیٹ کمپنی کی شریک بانی کلیئر برنیٹ نے بتایا کہ پیداوار میں کمی کی بنیادی وجوہات میں "بوڑھے کسان، پرانے درخت، کم ہوتی پیداوار، بیماریاں اور موسمیاتی تبدیلی" شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مغربی افریقہ کے کئی علاقوں میں گزشتہ برسوں کے دوران غیر معمولی خشک موسم نے فصلوں کو شدید متاثر کیا ہے۔

ٹوبلیرون چاکلیٹ کی قیمت کیا؟

ٹوبلیرون چاکلیٹ کی پرڈکشن برطانیہ میں بند کردی گئی ہے تاہم یہ چاکلیٹ بند ہونے سے قبل مختلف اسٹورز پر 4 پاؤنڈ (1490 پاکستانی روپے)سے لیکر 7.69 پاؤنڈز(2864 پاکستانی روپے) کی مختلف قیمتوں میں دستیاب تھی۔ اسی طرح صارفین کو چاکلیٹ کا مکمل باکس 119.35 پاؤنڈ (44439 پاکستانی روپے)میں دستیاب تھا۔

چاکلیٹ سے محبت رکھنے والوں کے لیے یہ خبر یقینی طور پر مایوس کن ہو سکتی ہے، مگر کمپنی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ دیگر مصنوعات میں اعلیٰ معیار اور جدت کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Watch Live Public News