بھارتی کرکٹرمحمد اظہرالدین کا نام پویلین سے ہٹانے کا فیصلہ: ’دل بہت دکھا ہے‘

بھارتی کرکٹرمحمد اظہرالدین کا نام پویلین سے ہٹانے کا فیصلہ: ’دل بہت دکھا ہے‘

(ویب ڈیسک ) بھارت  کے مشہور سابق کرکٹر اور کپتان محمد اظہرالدین نے کہا ہے کہ ان کے لیے یہ دن بہت افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ دعا کرتے ہیں کہ کسی بھی کرکٹر کے ساتھ ایسا واقعہ دوبارہ نہ ہو۔

یہ بات انہوں نے اس وقت کہی جب   حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن (HCA)  نے راجیو گاندھی انٹرنیشنل سٹیڈیم کے ایک پویلین سے ان کا نام ہٹانے کا فیصلہ کیا۔

اظہرالدین نے کہا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ  جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ  پہلے بھی انہوں نے الزامات کا عدالت میں مقابلہ کیا اور انصاف پایا۔ وہ ملک کے لیے قربانیاں دے چکے ہیں  اور انہیں اپنے مداحوں پر یقین ہے کہ وہ ان کا ساتھ دیں گے۔

معاملہ کیا ہے؟

2019 میں جب اظہرالدین حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر  تھے، تب یہ فیصلہ کیا گیا کہ  نارتھ پویلین سٹینڈ کا نام 'وی وی ایس لکشمن' کے بجائے 'محمد اظہرالدین' رکھا جائے۔ جس کے بعد یہ تبدیلی کردی گئی۔

لیکن 28 فروری 2024 کو لارڈز کرکٹ کلب نے شکایت کی کہ چونکہ یہ فیصلہ اظہرالدین نے اپنے صدر ہونے کے دوران کیا، اس لیے یہ  مفادات کا ٹکراؤ (conflict of interest) ہے۔

عدالت کا فیصلہ:

محتسب  جج وی ایشوریہ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ جنرل باڈی سے منظور نہیں ہوا تھا اور اظہرالدین نے اپنے عہدے کا فائدہ اٹھایا۔ اسی لیے پویلین سے ان کا نام ہٹانے  اور مزید ٹکٹس پر ان کا نام نہ چھاپنے کا حکم دیا گیا ہے۔

کرکٹراظہرالدین کی تنقید:

اظہرالدین نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ انہیں اس لیے نشانہ بنا رہی ہے کیونکہ وہ کرپشن کے خلاف کھڑے رہے۔جو لوگ کبھی بیٹ بھی نہ پکڑ سکے، آج ہم پر انگلی اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ   یہ ان کے ساتھ زیادتی  ہے اور ایسا دیکھ کر پوری کرکٹ دنیا  حیدرآباد کی کرکٹ ایسوسی ایشن پر ہنسے گی۔

سوشل میڈیا پر صارفین کا ردعمل:

سوشل میڈیا پر لوگوں کے مختلف خیالات سامنے آئے۔   کچھ لوگوں نے اظہرالدین کی حمایت کی جبکہ کچھ نے میچ فکسنگ کے پرانے الزامات یاد دلائے۔

ایک صارف نے لکھا کہ  "اظہرالدین جنہوں نے چھ ہزار سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنائے، تین ورلڈ کپس میں ٹیم کی قیادت کی، ان کا نام پویلین سے ہٹانا افسوسناک ہے۔"

دوسری طرف کچھ نے اعتراض کیا کہ  "یہ وہی شخص ہے جس پر میچ فکسنگ کی وجہ سے بین لگا تھا، اور اب وہ عزت کی باتیں کر رہے ہیں۔"

اظہرالدین کے کیریئر پر ایک نظر:

اظہر الدین نے 99 ٹیسٹ ميچوں کی 147 اننگز میں 6215 رنز بنائے جس میں 22 سنچریاں اور 21 نصف سنچریاں شامل ہیں۔انہوں نے   334 ون ڈے انٹرنیشنل کی 308 اننگز میں  9378 رنز بنائے۔ جس میں 7 سنچریاں اور 58 نصف سنچریاں شامل ہیں ۔

اس کے علاوہ انھوں نے ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں میں  100 سے زیادہ کیچز پکڑے ہیں۔

Watch Live Public News