واشنگٹن ( ویب ڈیسک ) امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ افغانستان سے انخلا اور اس کے بعد طالبان کے کنٹرول سنبھالنے سے اگر کسی کا خیال ہے کہ امریکہ کی ساکھ متاثر ہوئی ہے تو ایسا ہرگز نہیں ہے، ہمارے کسی اتحادی نے فوجی انخلا کے حوالے سے امریکی فیصلے پر کوئی سوال یا اعتراض نہیں اٹھایا ہے۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں ٹیلی ویژن خطاب میں کہا کہ ہمارا مقصد یہ ہرگز نہیں تھا کہ ہم نے افغانستان کی صورتحال بہتر کرنی ہے، ہمارا بنیادی مقصد القاعدہ کا خاتمہ تھا۔ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہم نے افغانستان میں ڈالرز لگائے اور یہ کوشش کی کہ وہاں پر کوئی نظام حکومت قائم کر سکیں لیکن یہ افغانستان میں رہنے والوں کی بھی ذمہ داری تھی کہ وہ افغانستان کے نظام کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرتے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو اپنا مقصد حاصل ہوچکا تھا اس لئے اب افغانستان میں مزید ٹھہرے رہنے کی ضرورت نہیں تھی، کابل ائیر پورٹ پر ہنگامی انخلا کی وجہ سے جو بھگڈ مچی اس پر کچھ نہیں کہہ سکتا، امریکی افواج نے چودہ اگست سے اب تک 13 ہزار سے زا ئد امریکیوں کو افغانستان سے نکالا ہے، طالبان رہنمائوں سے رابطے میں ہیں ۔دوحا اور افغانستان میں طالبان رہنماؤں سے بات چیت جاری ہے۔