آٹھویں جماعت کے سالانہ امتحانات کی ڈیٹ شیٹ جاری

آٹھویں جماعت کے سالانہ امتحانات کی ڈیٹ شیٹ جاری
کیپشن: آٹھویں جماعت کے سالانہ امتحانات کی ڈیٹ شیٹ جاری

ویب ڈیسک: پنجاب ایجوکیشن، کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی لاہور نے جماعت ہشتم کے سالانہ امتحانات 2026 کی باضابطہ ڈیٹ شیٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق امتحانات چار روزہ شیڈول کے تحت مارچ میں منعقد ہوں گے۔

اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جماعت ہشتم کے امتحانات 9 مارچ 2026 سے شروع ہو کر 12 مارچ 2026 تک جاری رہیں گے۔ تمام پرچے صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک لیے جائیں گے۔

امتحانات کا آغاز پیر 9 مارچ کو ریاضی کے پرچے سے ہوگا۔ منگل 10 مارچ کو اُردو، بدھ 11 مارچ کو انگریزی جبکہ جمعرات 12 مارچ کو سائنس کا پرچہ لیا جائے گا۔

اتھارٹی نے واضح کیا کہ جماعت ہشتم کے دیگر مضامین کے پرچے اسکول بیسڈ اسیسمنٹ ماڈل کے تحت آئی بی ایس سہولت کے ذریعے متعلقہ اسکول خود منعقد کریں گے۔ مزید یہ کہ باقی مضامین اور دیگر جماعتوں کے سال کے اختتامی امتحانات 2026 کا شیڈول بھی بعد میں جاری کیا جائے گا۔

امتحانی ہدایات میں طلبہ کو کیلکولیٹر، موبائل فون، اسمارٹ واچ یا کسی بھی قسم کا برقی آلہ امتحانی مرکز میں لانے سے سختی سے منع کیا گیا ہے۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پرچہ شروع ہونے سے کم از کم 30 منٹ قبل امتحانی ہال پہنچ جائیں۔

طلبہ کے لیے لازم ہے کہ وہ داخلے کے لیے اپنا ب فارم اور رول نمبر سلپ ساتھ لائیں۔ اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ امیدوار نیلے یا سیاہ بال پوائنٹ قلم اور کلپ بورڈ ہمراہ لائیں، جبکہ ریاضی کے پرچے کے لیے جیومیٹری بکس لانا بھی ضروری ہوگا۔

مزید ہدایت کی گئی ہے کہ امیدوار معروضی اور تشریحی دونوں حصوں کے لیے صرف فراہم کردہ جوابی کاپی استعمال کریں، اضافی صفحات فراہم نہیں کیے جائیں گے۔ طلبہ کو پرچہ ختم ہونے سے پہلے امتحانی ہال چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

Watch Live Public News