ویب ڈیسک: جدید ترین برطانوی لڑاکا طیارہ F-35B جو پچھلے پانچ ہفتوں سے بھارتی ریاست کیرالہ کے ترواننت پورم ایئرپورٹ پر کھڑا تھا، آخرکار منگل کو روانہ ہونے کے لیے تیار ہے۔
ایئرپورٹ کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ "طیارے کو آج ہینگر سے نکالا جا رہا ہے اور روانگی کل منگل کو متوقع ہے، تاہم تکنیکی تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔"
یہ لڑاکا طیارہ 14 جون کو خراب موسم کے باعث بھارتی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہوا تھا، جہاں اسے تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔
برطانوی بحری بیڑے HMS Prince of Wales کے اس طیارے کو مرمت کے لیے پہلے برطانیہ سے ماہرین بھیجے گئے، لیکن مسئلہ حل نہ ہو سکا۔ دو ہفتے قبل برطانیہ کی وزارت دفاع نے 14 رکنی خصوصی ٹیم بھارت بھیجی، جو کہ مرمت کے لیے درکار خصوصی آلات بھی ساتھ لائی۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق، اب طیارے کو " قابل پرواز" قرار دے دیا گیا ہے۔ روانگی کے وقت اور لندن واپسی کے دوران ممکنہ ایندھن اسٹاپ سے متعلق تفصیلات تاحال فراہم نہیں کی گئیں۔
اس $110 ملین مالیت کے طیارے کی کیرالہ میں موجودگی سوشل میڈیا پر مذاق اور میمز کا موضوع بنی رہی، جن میں کہا گیا کہ شاید طیارہ "خدا کی سرزمین" کہلانے والی کیرالہ کی خوبصورتی چھوڑنا نہیں چاہتا۔
یہ معاملہ برطانوی پارلیمنٹ میں بھی زیر بحث آیا، اور بہت سے لوگوں نے سوال اٹھایا کہ اتنا مہنگا اور جدید طیارہ اتنے دن تک کسی دوسرے ملک میں کیسے پھنسا رہ سکتا ہے۔