ٹرمپ: ایران پر حملہ آخری آپشن، اسرائیل جوہری صلاحیت ختم کرنے کے قابل نہیں

ٹرمپ: ایران پر حملہ آخری آپشن، اسرائیل جوہری صلاحیت ختم کرنے کے قابل نہیں
کیپشن: ٹرمپ: ایران پر حملہ آخری آپشن، اسرائیل جوہری صلاحیت ختم کرنے کے قابل نہیں

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی طاقت اتنی نہیں کہ وہ ایران کی جوہری صلاحیت کا مکمل خاتمہ کر سکے، اس لیے ایران سے بات چیت کا راستہ اپنانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات سے قبل جنگ بندی ضروری ہے تاکہ کوئی نتیجہ نکل سکے۔

نیو جرسی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایران پر زمینی حملہ ان کا آخری آپشن ہوگا اور اگر ایسا کوئی فیصلہ کرنا پڑا تو وہ اسے حتمی شکل دینے کے لیے زیادہ سے زیادہ دو ہفتے لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو فضائی کارروائیوں سے روکنا آسان نہیں، تاہم حقیقت یہ ہے کہ اسرائیل کے پاس ایران کی جوہری صلاحیت کو مکمل طور پر ختم کرنے کی استطاعت نہیں ہے۔ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ایران نے ایٹمی مواد جمع کر لیا ہے اور اس کی رفتار تسلی بخش نہیں۔ اگر امریکی مفادات پر حملہ ہوا تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔

اس گفتگو کے دوران امریکی صدر نے یہ بھی عندیہ دیا کہ امریکا بھارت اور پاکستان دونوں کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔

مزید برآں، ٹرمپ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ ختم کرا دیں تو انہیں نوبیل امن انعام ملنا چاہیے، لیکن ان کے بقول یہ انعام صرف "لبرلز" کو دیا جاتا ہے، اس لیے انہیں اس کا امکان نہیں لگتا۔

یاد رہے کہ پاکستانی حکومت نے امریکی صدر کو 2026 کے نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کی سفارش کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

Watch Live Public News