ویب ڈیسک: موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی خشک میوہ جات کی مانگ میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے، مونگ پھلی، چلغوزے، بادام، اخروٹ وغیرہ صحت کے لئے مفید ہوتے ہیں مگر کچھ لوگوں کا خیال ہےکہ مونگ پھلی کھانے کے فوراً بعد پانی پینا صحت کے لیے مضر ہے۔ کئی لوگ اسی خیال کے تحت پانی پینے سے گریز کرتے ہیں، تاہم ماہرین اس تصور کو درست نہیں مانتے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مونگ پھلی کھانے کے بعد پانی پینا بالکل محفوظ ہے، مونگ پھلی خشک غذا ہے، اس لیے پانی پینا درحقیقت ہاضمے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
مونگ پھلی کی تاثیر گرم ہوتی ہے اور اس کے بعد ٹھنڈا پانی پینے سے گلے میں خراش یا کھانسی ہوسکتی ہے، لیکن طبی ماہرین کے مطابق اس کا تعلق زیادہ تر ان افراد سے ہے جنہیں پہلے سے الرجی، گیس یا ہاضمے سے متعلق کوئی مسئلہ ہو۔
غذائی ماہرین کے مطابق مونگ پھلی پروٹین، فائبر اور صحت مند چکنائی کا بہترین ذریعہ ہے، اور اسے کھانے کے بعد پانی پینا نقصان دہ نہیں۔
ماہرینِ ہاضمہ کے مطابق پانی کھانے کو معدے میں آگے منتقل کرنے میں مدد دیتا ہے، اس لیے مونگ پھلی کے ساتھ یا بعد میں پانی پینے سے نظامِ ہاضمہ کو سہولت ملتی ہے۔
ایسے افراد جن کو مونگ پھلی سے الرجی ہو جنہیں تیزابیت ہو، گیس یا نظامِ ہاضمہ ٹھیک نہ ہو اور ٹھنڈا پانی نقصان پہنچاتا ہو وہ مونگ پھلی کھانے کے بعد پانی پینے سے گریز کریں۔