وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی آئی ایم ایف اور عالمی مالیاتی اداروں سے اہم ملاقاتیں

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی آئی ایم ایف اور عالمی مالیاتی اداروں سے اہم ملاقاتیں
کیپشن: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی آئی ایم ایف اور عالمی مالیاتی اداروں سے اہم ملاقاتیں

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو حکومت کی جانب سے جاری اقتصادی اصلاحات پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے پائیدار مالی استحکام کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

دورہ واشنگٹن کے دوران محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جورجیوا سے ملاقات کی، جو عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے موسم بہار اجلاس کے موقع پر سائیڈ لائن پر ہوئی۔ ملاقات میں وزیر خزانہ نے سٹاف سطح کے معاہدے پر اظہار تشکر کیا اور پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے میں بہتری، سرکاری اداروں کی نجکاری اور حکومتی محکموں میں اصلاحات کا عمل جاری رکھے گی۔ اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے آئی ایم ایف سربراہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا اعادہ بھی کیا۔

دیگر کلیدی ملاقاتیں
محمد اورنگزیب نے عالمی بینک گروپ کے صدر اجے بانگا سے بھی ملاقات کی اور پاکستان کے لیے "کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک" کی اہمیت پر زور دیا۔ بعد ازاں امریکی محکمہ خزانہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری رابرٹ کیپروتھ سے بھی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے امریکی کاروباری شخصیات اور ماہرین سے ظہرانے پر ملاقات کی اور انہیں پاکستان میں معاشی اشاریوں میں بہتری سے آگاہ کیا۔

اس کے علاوہ محمد اورنگزیب نے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی نائب صدر ہیلا شیخ روحو سے ملاقات کی جس میں نجی شعبے کی ترقی اور توانائی کی منتقلی پر بات چیت ہوئی۔ امریکی کمپنی ڈیلوئٹ کے ساتھ ملاقات میں توانائی اصلاحات، معدنیات کی تلاش اور مارکیٹنگ کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

Watch Live Public News