ویب ڈیسک: ہالی ووڈ کے معروف اداکار مائیکل رائٹ 70 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ وہ فلم ’’دی فائیو ہارٹ بیٹس‘‘، ’’دی پرنسپل‘‘ اور سائنس فکشن سیریز ’’V‘‘ میں اداکاری کے لیے مشہور تھے۔
مائیکل رائٹ کے اہل خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی ہے، تاہم موت کی وجہ فوری طور پر ظاہر نہیں کی گئی۔
نیویارک میں پیدا ہونے والے مائیکل رائٹ نے کئی دہائیوں پر محیط فلم اور ٹیلی ویژن کیریئر میں متعدد یادگار کردار ادا کیے۔ انہیں 1980 کی دہائی کی سائنس فکشن سیریز ’’V‘‘ میں الیاس ٹیلر کے کردار سے نمایاں شہرت ملی۔
1991 کی میوزیکل ڈراما فلم ’’دی فائیو ہارٹ بیٹس‘‘ میں ایڈی کنگ کا کردار ان کے کیریئر کے اہم ترین کرداروں میں شمار ہوتا ہے۔ فلم ایک آر اینڈ بی میوزک گروپ کی شہرت، اندرونی اختلافات اور میوزک انڈسٹری میں جدوجہد کے گرد گھومتی ہے۔
مائیکل رائٹ نے ’’شوگر ہل‘‘، ’’دی گولڈن چائلڈ‘‘، ’’دی انٹرپریٹر‘‘ اور ’’پیشن فش‘‘ سمیت متعدد فلموں میں بھی اداکاری کی، جبکہ ٹیلی ویژن پر بھی طویل عرصے تک فعال رہے۔