ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے، جبکہ کئی علاقوں میں موسم کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا آغاز ہو چکا ہے۔ زیارت، پشین، قلعہ سیف اللہ، کوژک ٹاپ اور قلعہ عبداللہ میں برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ برفباری کے باعث کان مہترزئی میں ہنگامی اقدامات کرنا پڑے۔
بارش کے نتیجے میں کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، جبکہ نوشکی میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ دیکھا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے کئی درجے نیچے گر گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج دوپہر سے شام کے دوران بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد، پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہونے کی توقع ہے۔