ویب ڈیسک: ملک بھر میں موبائل صارفین کے لیے کال اور انٹرنیٹ پیکجز مہنگے ہو گئے ہیں، جبکہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے مختلف ہائبرڈ اور ڈیٹا پیکجز کی تازہ قیمتوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق مختلف موبائل کمپنیوں کے 15 مقبول ہائبرڈ اور ڈیٹا اونلی پیکجز کی قیمتوں میں 33 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ماہانہ کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں 500 روپے تک، 15 روزہ پیکجز میں 300 روپے تک، ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز میں 130 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔
اسی طرح تین روزہ پیکجز کی قیمت میں 21 روپے، دو روزہ پیکجز میں 20 روپے جبکہ ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز میں 5 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ہائبرڈ اور ڈیٹا اونلی پیکجز کی تازہ ٹیرف تفصیلات ادارے کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہیں، جہاں صارفین ہر پیکیج کی قیمت، مدت، سہولتوں اور سہ ماہی قیمتوں کا آسانی سے موازنہ کر سکتے ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کو مختلف موبائل کمپنیوں کے پیکجز سے متعلق درست اور جامع معلومات فراہم کرنا ہے۔