ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت قائم ہونے والی پہلی اعلیٰ سطحی کمیٹی کا اجلاس سوئٹزرلینڈ کے برگن اسٹاک میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق مذاکرات مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئے، جن میں حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی۔ ان پیش رفتوں میں 60 روز کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے روڈ میپ پر اتفاق، سیاسی نگرانی کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی کا قیام، اور مزید تکنیکی مذاکرات کے آغاز کا فیصلہ شامل ہے۔
شہباز شریف نے امریکا اور ایران کی قیادت کو تعمیری مذاکرات کے لیے مسلسل عزم پر خراجِ تحسین پیش کیا اور تمام برادر و دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس اہم سفارتی عمل کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کیا۔
انہوں نے خصوصی طور پر قطر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس نے مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ سوئس حکومت کی میزبانی اور سہولت کاری کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی انتھک کوششوں، عزم اور ثابت قدمی کے بغیر یہ پیش رفت ممکن نہیں تھی۔
انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزارتِ خارجہ کی ٹیم کی سفارتی کوششوں کو سراہا، جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی کی خدمات اور کردار کو بھی قابلِ ستائش قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان آئندہ بھی مکالمے، سفارت کاری اور خطے میں پُرامن و دیرپا حل کے لیے اپنا مخلصانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔