آرمی چیف کا 25 مئی کو”یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان “منانے کا اعلان

آرمی چیف کا 25 مئی کو”یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان “منانے کا اعلان
راولپنڈی : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے 25 مئی کو”یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان “منانے کا اعلان کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں شہداء اور غازیوں کے اعزاز میں تقریبِ تقسیم اعزازات ہوئی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیرنے آپریشنز کے دوران بہادری اور قوم کے لئے شاندار خدمات پر پاک فوج کے افسران و جوانوں کو فوجی اعزازات سے نوازا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 51 افسران کو ستارہ امتیاز(ملٹری) ،22 افسران و جوانوں کو تمغہ بسالت اور 2 جوانوں کو اقوامِ متحدہ کے خصوصی میڈل کے اعزاز سے نوازا گیا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں پاک فوج کے سینئر افسران اور شہداء کے اہلخانہ نے شرکت کی۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ بلاشبہ شہداء کی فرض شناسی اور عظیم قربانیوں کے طفیل ہم ایک آزاد فضا میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ شہداء کی قربانیاں اور غازیوں کی خدمات ہمارا قیمتی اثاثہ اور سرمایہِ افتخار ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج بطور ادارہ اپنے سے منسلک ہر فرد کو اور اسکے لواحقین کو ہمیشہ یاد رکھتا ہے اور ہمارا یہ رشتہ بطور خاندان قابلِ فخر اور فقید المثال ہے۔ افواجِ پاکستان کا ہر سپاہی اور آفسر تمام علاقائی، لسانی، اور سیاسی تعصبات اور امتیازات سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو مقدم رکھتا ہے۔ مضبوط فوج مملکت کی سلامتی اور اتحاد کی ضامن ہوتی ہے۔ ترجمان کے مطابق آرمی چیف نے حالیہ دنوں میں فوجی تنصیبات، یادگاروں اور شہداء کی حرمتوں پر حملوں کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابلِ برداشت ہیں ۔ آرمی چیف نے 25 مئی کو ”یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان “منانے کا اعلان کیا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔