ویب ڈیسک: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف اہم میچ میں شکست کے بعد پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے کھل کر اعتراف کیا کہ ٹیم اب تک اپنی بہترین کارکردگی پیش نہیں کر پائی۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سلمان آغا نے کہا کہ بھارت کے بلے بازوں نے پاور پلے کے دوران جارحانہ آغاز کرتے ہوئے میچ کا رخ اپنی ٹیم کے حق میں موڑ لیا، جس کا پاکستانی بولرز بھرپور جواب نہ دے سکے۔
سلمان آغا کے مطابق پاکستان کی بیٹنگ کے دوران ابتدا میں سب کچھ منصوبے کے مطابق تھا اور ٹیم 10 اوورز میں 91 رنز کے مضبوط مقام پر موجود تھی، تاہم اگلے اوورز میں رنز بنانے کی رفتار کم ہوگئی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اگر اختتامی اوورز میں مزید 15 رنز کا اضافہ کر لیا جاتا تو میچ کا نتیجہ مختلف ہوسکتا تھا، لیکن اس کے باوجود 171 رنز کا ہدف ایک اچھا ٹوٹل تھا اور اس پر ٹیم کو اعتماد تھا۔
بولنگ حکمتِ عملی کے حوالے سے سوال پر کپتان نے کہا کہ باؤلرز کا انتخاب ہمیشہ ’’صحیح وقت پر صحیح جگہ‘‘ کے اصول کے تحت کیا جاتا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر حارث رؤف اور فہیم اشرف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں نے دباؤ کے لمحات میں شاندار باؤلنگ کی اور بھارتی بیٹنگ لائن کو محدود کرنے کی بھرپور کوشش کی۔
سلمان آغا نے مزید کہا کہ شکست مایوس کن ضرور ہے لیکن ٹیم کا حوصلہ بلند ہے اور کھلاڑی اپنی غلطیوں سے سیکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اب تمام توجہ اگلے میچ پر مرکوز ہے، جو 23 ستمبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلا جائے گا۔ ان کے مطابق یہ مقابلہ پاکستان کے لیے فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوگا، اس لیے ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔