سپریم کورٹ غیر ملکی مراسلے کی کھلی سماعت کرے

سپریم کورٹ غیر ملکی مراسلے کی کھلی سماعت کرے
سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی نے کنفرم کردیا کہ مداخلت ہوئی، کچھ لوگ انجانے میں اس سازش کا حصہ بنے، لندن میں جو بیٹھا تھا وہ اس سازش کا حصہ تھا، یہاں اس کا چھوٹا بھائی اور آصف زرداری سازش میں ملوث تھے۔ وزارت عظمیٰ سے ہٹنے کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس میں عمران خان نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی میں واضح ہوگیا کہ مراسلہ حقیقی تھا، مداخلت اور سازش سے متعلق جب میں مراسلے کا کہتا تھا تو سب نے کہا یہ جھوٹ ہے، مراسلے میں جو زبان استعمال کی گئی اس میں تکبر تھا۔ عمران خان نے کہا کہ ہماری ٹیکس وصولی سب سے زیادہ تھی، ہماری فصلیں بہت اچھی تھیں، پیداوار بڑھی، صنعتی پیداوار آگے تھی اس وقت سازش کی گئی، ملک میں افراتفری کا ماحول پیدا کیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کو اب وہ کرنا چاہیے جو تب کرنا چاہیے تھا، سپریم کورٹ میں اس معاملے پر کھلی سماعت ہونی چاہیے، یہ ملکی آزادی اور خود مختاری کےخلاف اتنی بڑی سازش ہوئی ہے، سپریم کورٹ اس معاملے کی اوپن سماعت کرے، سپریم کورٹ نے اوپن سماعت نہ کی تو کوئی سربراہ آئندہ دھمکی کیخلاف کھڑا نہیں ہوگا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ بے نظیر کو دیا گیا این آر او بھی بیرونی مداخلت تھی۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کھڑے نہیں ہوں گے تو سربراہ دھمکیاں برداشت نہیں کریں گے ہاتھ کھڑے کردیں گے، سفارتخانوں کا کیا کام تھا کہ ان لوگوں کا بلاتا جو تحریک انصاف سے خوش نہ تھے، تمام معاملوں کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جنوری سے یہ گیم شروع ہوئی، ہمیں بھی یہ پتا تھا، ہماری جمہوریت اور آزادی کے لیے یہ سب سے بڑا خطرہ ہے، اگر ادارے کھڑے نہ ہوئے تو ہمارے بچوں کا بھی مستقبل خطرے میں ہے، جب لوگوں نے اپنے ضمیر بیچے تو انہوں نے غداری کی، پنجاب اسمبلی میں جو ہوا اس سے زیادہ شرمناک کیا ہوگا؟انہوں نے مزید کہا کہ مجھے ای سی ایل پرڈال دیں میں باہرنہیں جارہا،کہا جارہا ہے کہ اس طرح کے مراسلے پہلے بھِی آتے تھے، کوئی کہتا ہے کہ پہلے بھی ایسی دھمکیاں دی جاتی تھیں توان لوگوں کوشرم آنی چاہیے، پہلی دھمکی ذوالفقارعلی بھٹو کو دی گئی تھی، اس کے بعد پرویز مشرف کو اور اب مجھے دھمکی دی گئی ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔