سندھ حکومت کا میر رضا قتل کیس میں جوڈیشل کمیشن کے قیام کا فیصلہ 

سندھ حکومت کا میر رضا قتل کیس میں جوڈیشل کمیشن کے قیام کا فیصلہ 

(ویب ڈیسک ) سندھ حکومت  نے میر رضا قتل کیس میں جوڈیشل کمیشن کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ  مراد علی شاہ کی جانب سے مرحوم میر رضا کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار  کیا گیا ۔ترجمان وزیر اعلی سندھ کا کہنا ہے کہ  میر رضا علی خان کیس سے متعلق اہلِخانہ کے خدشات کو سندھ حکومت نے انتہائی سنجیدگی سے لیا، اہلِخانہ کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کردہ خط حکومت کو موصول ہوا۔

سندھ حکومت کا چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ   جوڈیشل کمیشن میر رضا علی خان قتل کیس کی غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرے گا، جوڈیشل کمیشن تحقیقات میں کسی بھی خامی، اہم پہلو یا مزید تفتیش طلب شواہد کا جائزہ لے گا،کمیشن پولیس، میڈیکو لیگل افسران اور دیگر متعلقہ حکام کے کردار کا بھی جائزہ لے گا۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ غفلت، فرائض سے کوتاہی، پیشہ ورانہ بدعنوانی یا شواہد میں ردوبدل ثابت ہونے پر کارروائی کی سفارش کی جا سکے گی ، جوڈیشل کمیشن کو مزید تحقیقات اور فرانزک تجزیے کی سفارش کا اختیار حاصل ہوگا ، جوڈیشل کمیشن کو سندھ ٹربیونلز آف انکوائری آرڈیننس 1969 کے تحت سول کورٹ کے اختیارات حاصل ہوں گے ، کمیشن گواہوں کو طلب، حلف پر بیانات قلمبند اور دستاویزات اور  ریکارڈ طلب کر سکے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ  نے تمام سرکاری محکموں، اداروں اور افسران کو کمیشن سے مکمل تعاون کی ہدایت  کردی۔

ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ  محکمہ داخلہ جوڈیشل کمیشن کو ضروری سیکریٹریٹ معاونت فراہم کرے گا ، جوڈیشل کمیشن قیام کے 30 دن کے اندر اپنی رپورٹ، نتائج اور سفارشات سندھ حکومت کو پیش کرے گا ،ضرورت پڑنے پر مکمل اور منصفانہ تحقیقات کے لیے کمیشن کی مدت میں توسیع کی جا سکے گی ،کمیشن تحقیقات کے طریقۂ کار اور متعلقہ حکام کے کردار کا مکمل جائزہ لے گا ، جوڈیشل کمیشن کو قانون کے مطابق مناسب کارروائی کی سفارش کرنے کا مکمل اختیار ہوگا ۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت مرحوم میر رضا کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے،شفاف جوڈیشل انکوائری سے اہلِ خانہ کے جائز خدشات کا ازالہ اور قانون کی حکمرانی پر اعتماد مزید مستحکم ہوگا۔

Watch Live Public News