(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے قانونی امور پر تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیر اعظم شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی،ملاقات میں وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی بھی شرکت کی۔
گورنر خيبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور ممبر قومی اسمبلی سید نوید قمر بھی ملاقات میں شریک تھے۔
وزیرِ اعظم نے صدر آصف علی زرداری کی صحت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی ، معاشی اور سیکورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
صدر مملکت اور وزیرِ اعظم نے ملکی ترقی کیلئے مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں نے پارلیمنٹ میں قانون سازی کے امور پر بھی بات چیت کی۔
دونوں رہنماؤں نے قانونی امور پر تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔ صدر مملکت نے وزیرِ اعظم کو ملکی ترقی اور استحکام کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔