وزیراعلیٰ پنجاب سے ابرارالحق اور میجر (ر) اسرار الحق کی ملاقات

وزیراعلیٰ پنجاب سے ابرارالحق اور میجر (ر) اسرار الحق کی ملاقات
لاہور ( پبلک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پی ٹی آئی کے رہنما اور ٹکٹ ہولڈر ابرارالحق اورمیجر (ر)اسرار الحق کی ملاقات۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور عمومی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں نارووال اورلاہورکے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ لاہور ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے اور شاہدرہ موڑملٹی لیول گریڈ سیپریشن کے پراجیکٹس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لاہورسمیت پنجاب کے ہر شہر کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ پہلی دفعہ عوام کی ضرورت اورسہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور کے ترقیاتی منصوبے تشکیل دیئے جا رہے ہیں۔ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے سلسلے میں عوامی نمائندوں کی مشاورت کو ترجیح دی جاتی ہے۔ ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے بننے سے شہر کی دوسری سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا۔ ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا لاہور کے شہریوں کیلئے تحفہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے داخلی اورخارجی راستوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنے پر توجہ دے رہے ہیں۔ شاہدرہ موڑ ملٹی لیول گریڈ سیپریشن فلائی اوور منصو بے سے جی ٹی روڈ کی ٹریفک کو ریلیف ملے گا۔ شاہدرہ موڑ ملٹی لیول فلائی اوور منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ شاہدرہ موڑ فلائی اوور سے روزانہ تقریبا 3 لاکھ گاڑی مالکان مستفید ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رنگ روڈ، کوٹ عبدالمالک، شیخو پورہ، گوجرانوالہ جی ٹی روڈ اور ملحقہ علاقو ں کی ٹریفک کے بہاؤ میں روانی آئے گی۔ فرسٹ لیول فلائی اوور پر جی ٹی روڈ کیلئے 3، 3 لین روڈ بنائی جائیں گی۔ سیکنڈ لیول فلائی اوور پر کوٹ عبدالمالک سے نیازی چوک تک 2 لین کیرج وے بنائیں گئے۔ عوام تک ترقی کے ثمرات پہنچانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ ابرارالحق کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا یکساں ترقی کا ویژن قابل تحسین اقدام ہے۔ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج سے ترقی ہر شہر اورگاؤں تک پہنچ رہی ہے۔ لاہورکی ترقی کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خدمات ناقابل فراموش ہے۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔