سلمان خان نے پیپر لیک معاملے پر طلبہ کی حمایت کر دی

سلمان خان نے پیپر لیک معاملے پر طلبہ کی حمایت کر دی
کیپشن: سلمان خان نے پیپر لیک معاملے پر طلبہ کی حمایت کر دی

ویب ڈیسک: بالی وڈ کے اداکار سلمان خان نے تعلیمی نظام میں مبینہ بے ضابطگیوں اور پیپر لیک کے خلاف جاری طلبہ احتجاج کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں سلمان خان نے کہا کہ یہ ایک پُرامن تحریک تھی، تاہم اسے پرتشدد رخ اختیار کرتے دیکھ کر انہیں افسوس ہوا۔ انہوں نے احتجاج کے دوران متاثر ہونے والے طلبہ اور ان کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی بھی کیا۔

سلمان خان نے کہا کہ پیپر لیک کا معاملہ انتہائی سنجیدہ ہے اور انہیں خوشی ہے کہ ملک بھر کے طلبہ بہتر تعلیمی نظام کے مطالبے کے لیے متحد ہوئے ہیں۔ ان کے بقول طلبہ کے والدین کی جانب سے اس جدوجہد میں تعاون بھی حوصلہ افزا ہے۔

انہوں نے طلبہ کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ بہتر تعلیم، روشن مستقبل اور ملک کی ترقی کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کا احتجاج پُرامن انداز میں جاری رہا اور ان کی ہمت، عزم اور تعلیم سے وابستگی قابلِ تعریف ہے۔

سلمان خان نے مزید کہا کہ اس معاملے کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے اسے تعلیمی نظام کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت طلبہ کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرے گی اور تعلیمی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی۔

اپنے بیان کے اختتام پر سلمان خان نے دعا کی کہ اس معاملے کا مثبت حل نکلے اور علم حاصل کرنے والے تمام طلبہ اپنے مقاصد میں کامیاب ہوں۔

Watch Live Public News