ویب ڈیسک: ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ بات چیت میں پاکستان، ترکیہ اور مصر نے ثالثی کا کردار ادا کیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ایران چاہتا ہے کہ امریکہ، جو جنگ کا آغاز کرنے والا فریق ہے، براہِ راست مذاکرات میں شریک ہو۔
امریکی ذرائع کے مطابق مذاکرات کا مقصد جنگ کا خاتمہ اور باقی زیر التواء مسائل کا حل تھا۔ پاکستان، ترکیہ اور مصر کے تعاون سے مذاکرات کے نئے راستے کھل گئے، جس سے خطے میں خطرناک صورتحال کو قابو میں رکھنے میں مدد ملی۔
وائٹ ہاؤس نے مذاکرات کے مواد، شرکا یا مقام کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ ایرانی بجلی گھروں پر کسی بھی فوجی کارروائی کو پانچ دن کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کہا کہ گزشتہ دو دنوں کے دوران امریکہ اور ایران کے درمیان مثبت اور نتیجہ خیز بات چیت ہوئی، جس کا مقصد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کا مکمل خاتمہ ہے۔