کنسرٹ میں بوتل پھینکنے کے واقعے پر گلوکار طلحہ انجم برہم

کنسرٹ میں بوتل پھینکنے کے واقعے پر گلوکار طلحہ انجم برہم
کیپشن: کنسرٹ میں بوتل پھینکنے کے واقعے پر گلوکار طلحہ انجم برہم

ویب ڈیسک: معروف پاکستانی ریپر اور گلوکار طلحہ انجم نے اپنے حالیہ کنسرٹ کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کے بعد پاکستانی مداحوں کے رویے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

طلحہ انجم کے 2.7 ملین سے زیادہ انسٹاگرام فالوورز ہیں اور وہ پاکستان، بھارت اور بنگلا دیش سمیت جنوبی ایشیا کے نوجوانوں کا پسندیدہ ریپر تصور کیا جاتا ہے۔ وہ اپنے پرجوش کنسرٹس اور شاندار لائیو پرفارمنس کے لیے جانا جاتا ہے۔

تاہم، ڈریم فیسٹ میں اس کا حالیہ کنسرٹ اس وقت افراتفری کا شکار ہوگیا جب ایک شخص نے اسٹیج پر طلحہ انجم پر شیشے کی بوتل پھینک دی۔

اس واقعے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے طلحہ انجم نے غصے اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں ابھی یہ کنسرٹ چھوڑ دوں تو آپ کیا کریں گے؟ میں ڈھاکہ گیا، وہاں لوگوں نے میری تعریف کی، میں کینیڈا گیا، ایک بھارتی پرستار نے میرے پاؤں چھوئے، سب نے مجھے عزت دی اور میں یہ سلوک اپنے ملک میں کروا رہا ہوں۔

اس کے پرستاروں نے فوری طور پر اس فعل کی مذمت کی اور اسٹیج پر بوتل پھینکنے والے شخص کو برا بھلا کہا۔

سوشل میڈیا پر طلحہ انجم کے حق میں بیانات کا سلسلہ جاری ہے، ایک صارف نے لکھا کہ بوتل پھینکنے والا لڑکا بے وقوف ہے، دوسرے نے کہا کہ ہمیں اپنے فنکاروں کی عزت کرنی چاہیے، ان کی نہیں تو کم از کم اپنے ملک کی لاج رکھ لیں جب کہ ایک مداح نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ سب کچھ عارضی ہے لیکن طلحہ انجم کے کنسرٹ میں بوتلیں پھینکنا مستقل روایت بن گئی ہے۔

شائقین کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات فنکاروں کے لیے مایوس کن ہیں۔ اس سے ملک کی منفی تصویر بھی سامنے آتی ہے۔

Watch Live Public News