کترینہ کیف اور وکی کوشل نے ننھے مہمان کی آمد کی خوشخبری سنادی

کترینہ کیف اور وکی کوشل نے ننھے مہمان کی آمد کی خوشخبری سنادی
کیپشن: کترینہ کیف اور وکی کوشل نے ننھے مہمان کی آمد کی خوشخبری سنادی

ویب ڈیسک: بالی وڈ کی مقبول جوڑی کترینہ کیف اور وکی کوشل نے بالآخر اپنے مداحوں کو طویل انتظار کے بعد خوشخبری دے دی ہے۔ دونوں اسٹارز نے باقاعدہ اعلان کیا ہے کہ ان کے گھر جلد ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔

کترینہ کیف نے یہ خبر خود انسٹاگرام کے ذریعے اپنے چاہنے والوں کے ساتھ شیئر کی، جہاں انہوں نے شوہر وکی کوشل کے ساتھ اپنی ایک دلکش تصویر پوسٹ کرتے ہوئے ایک خوبصورت کیپشن لکھا۔ کترینہ نے اپنے پیغام میں زندگی کے نئے اور بہترین دور کے آغاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ان کے لیے سب سے یادگار لمحہ ہے۔

بھارتی میڈیا میں کئی ماہ سے کترینہ کیف کے حاملہ ہونے کی خبریں زیر گردش تھیں۔ متعدد رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ اداکارہ اکتوبر یا نومبر میں اپنے پہلے بچے کو جنم دیں گی۔ اگرچہ جوڑی کی جانب سے طویل عرصے تک ان خبروں کی نہ تو تصدیق کی گئی اور نہ ہی تردید، لیکن اب دونوں نے خود اس خوشی کا اعلان کر کے قیاس آرائیوں کا خاتمہ کر دیا ہے۔ کترینہ کیف حالیہ مہینوں میں عوامی تقریبات اور فلمی پروموشنز سے بھی مکمل طور پر دور رہیں، جس کی وجہ سے ان کے مداحوں کے تجسس میں مزید اضافہ ہوا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کترینہ کیف بچے کی پیدائش کے بعد کچھ عرصہ فلمی دنیا سے وقفہ لیں گی تاکہ اپنی فیملی پر مکمل توجہ دے سکیں۔ دوسری جانب وکی کوشل بھی اپنے پہلے بچے کی آمد کے حوالے سے بے حد پُرجوش ہیں اور انہوں نے کترینہ کے ساتھ اس نئے سفر کو اپنی زندگی کا سب سے خوبصورت مرحلہ قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل نے 9 دسمبر 2021 کو بھارتی ریاست راجستھان میں ایک شاندار اور شاہانہ تقریب میں شادی کی تھی، جس میں قریبی دوستوں اور خاندان کے افراد نے شرکت کی تھی۔ ان کی شادی کو بالی وڈ کی یادگار تقریبات میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔ اب یہ جوڑی اپنی ازدواجی زندگی کے نئے اور خوشیوں بھرے باب کا آغاز کرنے جا رہی ہے، جس پر شائقین اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔

Watch Live Public News