ویب ڈیسک: دینی مدارس کے بینک اکاونٹ کھولنے کا معاملہ، چئیرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر محمود اشرفی کا نجی بینک کا دورہ، عملے نے مدارس کے بینک اکاونٹ کھولنے کے عمل سے آگاہ کیا۔
علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں مدارسِ عربیہ کے بینک اکاؤنٹس کھلنے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ اسلام آباد میں اب تک مدارس کے 24 بینک اکاؤنٹس کھولے جا چکے ہیں۔ مدارس کے بینک اکاؤنٹس کھلنا ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے لئے بینک اکاونٹ کھولنے کا عمل انتہائی آسان ہے۔
علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ مدارس کے اکاؤنٹس کھولنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ مدارس کے بینک اکاؤنٹس کھولنے میں اسٹیٹ بینک کے تعاون پر بھی شکر گزار ہیں۔ مدرسہ کسی بھی نظام کے تحت رجسٹرڈ ہو، ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔ مدارس کی ترویج، اشاعت اور تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ اسلام آباد کے تمام مدارس کو بینک اکاؤنٹس کھلنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
چئیرمین پاکستان علما کونسل نے کہا کہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مدارس سے متعلق قانون سازی جاری ہے۔ پنجاب میں مدارس سے متعلق قانون سازی کا عمل سب سے آگے ہے۔ امید ہے پنجاب میں مدارس سے متعلق قانون سازی جلد مکمل ہوگی۔
ترجمان متحدہ مدارس کونسل عاصم میر نے کہا کہ مدارس کے بینک اکاونٹ کھولنے کا دیرینہ مسٗلہ حل ہو گیا۔ حکومت سمیت تمام اداروں کے مشکور ہیں۔
علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ متحدہ مدارس کونسل کی محنت کا ثمر آج دیکھ رہے ہیں۔ وزیر اعظم ، فیلڈ مارشل کے شگر گراز ہیں۔