(ویب ڈیسک ) نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بھارت نے کوئی ایڈوینچر کرنے کی کوشش کی تو ماضی سے برا حشر کریں گے۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزراء نے پریس کانفرنس کی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ آج قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کر سکتا ۔اگر بھارت سند ھ طاس معاہدے کو ختم کرتا ہے تو ہم بھی شملہ معاہدے سمیت دیگر معاہدے معطل کرنے پر غور کریں گے۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے واہگہ بارڈو کو فوری طور پر بند کرنا کا فیصلہ کیا ہے۔واہگہ کے راستے ہر قسم کی تجارت کو معطل کیا جا رہا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اسلام آباد میں موجود بھارتی دفاعی ، بری ، فضائی مشیر کو ناپسندیدہ قرار دے دیا ہے۔بھارتی ہائی کمیشن سفارتی عملے کی تعداد 30 تک محدود کردی ہےجس کا اطلاق 30 اپریل سے ہوگا۔ بھارتی ملکیت یا بھارتی آپریٹرز کی تمام پروازوں کیلئے فضائی حدود فوری طور پر بند کرد گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ بلیم گیم کھیلتا ہے، اگر بھارت کے پاس پہلگام واقعہ کے شواہد ہیں تو پیش کریں۔ہماری مسلح افواج ہر قسم کےچیلنج کیلئے تیار ہیں ۔ہم نے بھارت کے ایک ایک ایکشن کا جوب دیا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ سری نگر میں غیر ملکیوں کو بھاری ہتھیاروں کے ساتھ تربیت دی جا رہی ہے۔ بھارت سری نگر میں پاکستان کے خلاف جارحیت کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔جعفر ایکسپریس حادثے پر اقوام متحدہ نے قرارداد ہمارے ساتھ شئیر کی ہے۔افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور تیاری مکمل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہائی کمشنر کو کل جو ڈی مارش کیا گیا اس میں سندھ طاس معاہدہ کا تزکرہ نہیں تھا۔آج بھارتی ہائی کمشنر کو ڈی مارش کیاجائے گا۔بنگلہ دیش اور افغانستان کو دورہ منسوخ کر دیا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کا بیان :
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مودی واحد وزیرا عظم ہے جس پر امریکا نے پابندی لگائی۔بی ایل اے اور کالعدم ٹی ٹی پی بھارت کی پراکسیز ہیں ۔بطور ریاست بھارت نے کینیڈا اور امریکا میں دہشتگردی ایکسپورٹ کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی پریشر میں آنے والے نہیں، بھارت نے کوئی اقدام کیا تو بھرپور جواب دیں گے۔پاکستان اپنے دفاع کا بھرپور حق رکھتا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت پاکستان کے شہروں میں دہشت گردی کرنے کی تیاری کر رہا ہے، ہمارے شہریوں کو بھارت نے نشانہ بنایا تو بھارتی شہری بھی محفوظ نہیں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں ہونے والی دہشت گردی انکی ریاست کی جانب سے ہوتی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا بیان :
وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت کی طرف سے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دیا گیا، آج پاکستان نے بھارت کی گیدڑ بھبکیوں کا جواب دیا،ہم نے بھارتی بیانات پر دو گنا بڑھ کر جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت سے تجارت مکمل طور پر بند ہے، بھارت کے پاس صرف اونچی آواز اور گیدڑ بھبکیاں ہیں، بھارت دہشت گردی کو استعمال کرتا رہا ہے،پوری دنیا جان چکی ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کو سپانسر کرتا ہے،آج بھارت اپنے سیاسی فائدے کے لئے دہشت گردی کو استعمال کر رہا ہے،آج ہم نے سود سمیت حساب برابر کیا ہے۔