خواجہ آصف کی بھارت سے متعلق ویڈیو کو وزارتِ اطلاعات نے فیک قرار دیدیا

خواجہ آصف کی بھارت سے متعلق ویڈیو کو وزارتِ اطلاعات نے فیک قرار دیدیا
کیپشن: خواجہ آصف کی بھارت سے متعلق ویڈیو کو وزارتِ اطلاعات نے فیک قرار دیدیا

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف سے منسوب ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے، تاہم سرکاری فیکٹ چیک کے مطابق ویڈیو میں موجود آڈیو جعلی اور مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے تیار کی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تقریباً ایک منٹ کی ویڈیو میں بظاہر خواجہ آصف کو پریس کانفرنس کرتے دکھایا گیا ہے، جبکہ آڈیو کے ذریعے یہ تاثر دیا گیا کہ وہ پاکستان اور بھارت کی معاشی و سیاسی صورتحال کا موازنہ کررہے ہیں۔

ویڈیو میں موجود جعلی آڈیو میں دعویٰ کیا گیا کہ دونوں ممالک نے ایک ہی وقت میں آزادی حاصل کی، تاہم بھارت نے ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور معیشت کے شعبوں میں ترقی کی جبکہ پاکستان پیچھے رہ گیا۔

وزارت اطلاعات و نشریات نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر فیکٹ چیک جاری کرتے ہوئے ویڈیو کو مکمل طور پر جعلی قرار دیا ہے۔

وزارت کے مطابق ویڈیو میں استعمال ہونے والی آواز خواجہ آصف کی نہیں بلکہ کمپیوٹر سافٹ ویئر اور آڈیو کلوننگ ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کی گئی ہے۔

فیکٹ چیک کے مطابق خواجہ آصف نے ایسا کوئی بیان یا پریس کانفرنس نہیں کی۔ وائرل ویڈیو دراصل ایک پرانی پریس کانفرنس کی فوٹیج پر مصنوعی آڈیو لگا کر تیار کی گئی ہے۔

حکام نے شہریوں کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایسی ویڈیوز شیئر کرنے سے قبل ان کی صداقت کی تصدیق کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Watch Live Public News