ویب ڈیسک: اداکارہ صبا قمر کو پولیس کی وردی میں ویڈیو بنانا قانونی مسائل میں ڈال رہا ہے۔ سیشن عدالت میں ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
یہ درخواست شہری وسیم زوار نے مجدد باجوہ ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی، جس میں کہا گیا کہ صبا قمر نے ایک ویڈیو میں ایس پی کی وردی پہن کر قانون کی خلاف ورزی کی۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ پولیس کی وردی پہننا قانوناً ممنوع ہے، اور اس سے نہ صرف پنجاب پولیس کا مورال متاثر ہوا بلکہ ادارے کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ اس معاملے پر پولیس کو آگاہ کیا گیا مگر تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
سیشن عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد تھانہ پرانی انارکلی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ عدالت کی جانب سے آئندہ سماعت پر پولیس رپورٹ پیش کیے جانے کے بعد مزید کارروائی متوقع ہے۔