بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے: وزیراعظم شہباز شریف

بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے: وزیراعظم شہباز شریف
کیپشن: بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے: وزیراعظم شہباز شریف

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد پاکستانی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔

بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کے دفاع اور امن کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے اور وفاقی حکومت صوبے کی ترقی کے لیے تمام ممکنہ وسائل فراہم کرے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے وسیع رقبے اور طویل فاصلوں کے باعث صوبے کو زیادہ وسائل درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت پنجاب نے بلوچستان کے لیے 150 ارب روپے دیے، جبکہ کراچی-چمن دو رویہ شاہراہ سمیت متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ بلوچستان کے 27 ہزار ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ وفاقی حکومت آئندہ بھی صوبے کی ترقی کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔

انہوں نے سیشن جج عبدالحکیم کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وزیراعظم نے افغانستان کی عبوری حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے مؤثر سفارت کاری جاری رکھے ہوئے ہے اور حالیہ کامیابیوں سے دشمن پریشان ہے۔

Watch Live Public News