نائب وزیر اعظم کی ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات، خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال

نائب وزیر اعظم کی ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات، خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال

(ویب ڈیسک) نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے خطے میں کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تحمل اور مذاکرات پر زور دیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار  نے کرغزستان میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی۔ اسحاق ڈار اور عباس عراقچی  نے شنگھائی تعاون تنظیم وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر اہم ملاقات کی۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان اور ایران نے قریبی اور دیرینہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار نے خطے میں کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تحمل اور مذاکرات پر زور دیا۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہپائیدار امن کے لیے تمام فریقین کو کشیدگی میں کمی اور سفارتی رابطے جاری رکھنے چاہییں۔

ترجمان کے مطابق جون 2026 کے اسلام آباد مفاہمتی معاہدے پر عملدرآمد کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ایرانی وزیر خارجہ نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ عباس عراقچی نے ایرانی ماہی گیروں اور عملے کی محفوظ واپسی میں پاکستان کے کردار پر شکریہ ادا کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ایرانی، امریکی اور دیگر متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے محفوظ واپسی یقینی بنائی۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان اور ایران نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے اور باقاعدہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔دونوں ممالک نے خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Watch Live Public News