(ویب ڈیسک ) آئی ایس پی آر کے مطابق فتنہ الخوارج کے بزدلانہ حملے میں 12 فوجی جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک افسر شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ٹانک میں فتنہ الخوارج نے پولیس چیک پوسٹ پر بزدلانہ حملہ کیا، بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کا حملہ سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 12 خارجی دہشت گرد ہلاک کردیے ،حملہ آوروں نے دھماکا خیز گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی،دھماکے سے چیک پوسٹ کا بنیادی ڈھانچہ شدید متاثر ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملے میں 12 فوجی جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک افسر شہید ہوگیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ مزید خارجی دہشت گردوں کی تلاش کےلیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی،بیرونی سرپرستی میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا،شہداء کی قربانیاں وطن کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔