(ویب ڈیسک ) مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ بلاول برخوردار بات کا بُرا نہ ماننا ، پارٹیوں میں نوک جھونک ہونی چاہیے مگر لڑائی اور مار کٹائی نہیں ہونی چاہیے۔
نواز شریف نے میر پور آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کو جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کو کشمور نہ سمجھنا ، یہ میر پور ہے ، میر پور خاص نہیں ہے، بلاول برخوردار بات کا بُرا نہ ماننا ، پارٹیوں میں نوک جھونک ہونی چاہیے مگر لڑائی اور مار کٹائی نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر سے ہمارا مضبوط رشتہ ہے، میرپور خوبصورت شہر ہے، آج حال جتنا اچھا ہونا چاہیے تھا اتنا نہیں، میرے جانے کے بعد آزاد کشمیر میں کوئی ترقی نہیں ہوئی۔
نواز شریف نے خطاب میں کہا کہ میں آزاد کشمیر کو اپنا دوسرا نہیں پہلا گھر سمجھتا ہوں ، میں آج آزاد کشمیر کیلئے منشور بھی ساتھ لےکر آیا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے ہر منصوبے پر ن لیگ کی مہر نظر آئےگی، ہماری اولین ترجیح نوجوانوں کو تعلیم دینی ہے، آزادکشمیر میں بھی کینسر اور دل کے امراض کے بے شمار اسپتال بننے چاہیے۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے مزید کہا کہ مریم یہاں پر جدید ترین الیکٹرک بسیں آپ کے لیے لیکر آئی ہیں، مریم یہاں پر 10 موبائل اسپتال لیکر آرہی ہیں، مسلم لیگ ن کی حکومت بنی تو کشمیر میں موٹرویز بنائیں گے، مری سے مظفر آباد تک ایکسپریس ویز بنائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ نے مسلم لیگ ن کو کامیاب کرایا تو کشمیر کے چپے چپے خود جاؤں گا، میرپورکےگھرگھر میں گیس کی سہولت ہوگی، شہباز شریف سے کہوں گا کہ میرپور میں بین الاقوامی ائیرپورٹ ہوناچاہیے۔