ویب ڈیسک: امریکی شہر نیویارک کے لاگارڈیا ایئرپورٹ پر ایئر کینیڈا کا مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران فائر بریگیڈ کے ٹرک سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹ ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق مونٹریال سے آنے والی سی آر جے-900 پرواز میں 72 مسافر اور عملے کے 4 ارکان سوار تھے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ رن وے پر اتر رہا تھا اور اسی دوران ایک فائر ٹرک، جسے دوسرے طیارے کی ہنگامی جانچ کے لیے رن وے عبور کرنے کی اجازت دی گئی تھی، اس کی زد میں آ گیا۔
The moment flight #AC8646 collided with the fire truck at La Guardia. pic.twitter.com/Y7NRwzUNOm
— HoCStaffer (@HoCStaffer) March 23, 2026
حادثے میں سینئر فضائی میزبان سولانج ٹریمبلے معجزانہ طور پر زندہ بچ گئیں۔ اطلاعات کے مطابق وہ اپنی نشست سے بندھی ہوئی حالت میں طیارے سے تقریباً 330 فٹ دور جا گریں، جس کے باعث ان کی ٹانگ میں متعدد فریکچر آئے اور انہیں سرجری کی ضرورت ہے۔
ایک زندہ بچ جانے والی مسافر نے بتایا کہ لینڈنگ کے دوران شدید جھٹکے محسوس ہوئے، اچانک بریک لگا اور زور دار دھماکے کی آواز آئی، جس سے کئی مسافر اپنی نشستوں سے اچھل کر زخمی ہو گئے۔ بعد ازاں مسافروں نے ایک دوسرے کی مدد سے طیارے سے باہر نکلنے کی کوشش کی۔
حادثے کی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ طیارہ ٹرک سے ٹکرا کر دونوں کو رن وے پر گھسیٹتا ہوا لے گیا۔ ایئر ٹریفک کنٹرول کی آڈیو کے مطابق کنٹرولر نے ٹرک کو رکنے کی ہدایت دی، تاہم چند لمحوں کی تاخیر حادثے کا سبب بن گئی۔
بعد ازاں کنٹرولر نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک اور ہنگامی صورتحال سے نمٹ رہے تھے۔
حکام کے مطابق حادثے کی مکمل وجوہات تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گی، جبکہ ابتدائی طور پر اسے انتظامی اور رابطہ کاری کی ناکامی قرار دیا جا رہا ہے۔