پی ایس ایل 11 کے شیڈول میں تبدیلی: محسن نقوی کی شائقین سے معذرت

پی ایس ایل 11 کے شیڈول میں تبدیلی: محسن نقوی کی شائقین سے معذرت
کیپشن: پی ایس ایل 11 کے شیڈول میں تبدیلی: محسن نقوی کی شائقین سے معذرت

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ 11 کے شیڈول میں تبدیلی پر شائقین کرکٹ سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک و قوم کا مفاد سب سے پہلے ہوتا ہے۔

لاہور میں پی ایس ایل 11 کی تمام ٹیموں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں اور معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ تقریب کے دوران پی ایس ایل 11 کی ٹرافی کی رونمائی کی گئی جبکہ ایونٹ کا آفیشل ترانہ بھی پیش کیا گیا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وہ دل کی گہرائیوں سے شائقین سے معذرت خواہ ہیں، تاہم موجودہ علاقائی صورتحال کے باعث قومی مفادات کو ترجیح دیتے ہوئے لیگ کے شیڈول کو محدود کرنا پڑا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آج کی یہ قربانی مستقبل میں بہتر حالات کا باعث بنے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل اب ایک بڑا بین الاقوامی برانڈ بن چکا ہے اور اسے مزید وسعت دینا بورڈ کی ترجیح ہے۔

تقریب میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، سالک حسین، علی پرویز ملک، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزراء شافع حسین اور طلحہ برکی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ فرنچائز مالکان، کوچنگ اسٹاف، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور بین الاقوامی کرکٹرز نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

Watch Live Public News