ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے اضلاع مہمند اور خیبر کی مختلف تحصیلوں میں شدید بارش کے ساتھ ژالہ باری سے کھڑی فصلوں، گھروں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق مہمند کی تحصیل پنڈیالی کے مختلف علاقوں میں انڈے کے حجم کے اولے پڑنے سے ٹماٹر سمیت دیگر فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔ کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ بعض مقامات پر تیار فصل مکمل طور پر تباہ ہوگئی، جس سے انہیں مالی نقصان کا خدشہ ہے۔ تحصیل امبار کے علاقے گمبتی میں بھی شدید ژالہ باری سے گھروں اور زمینوں پر نصب متعدد سولر پینلز ٹوٹ گئے۔
حکام کے مطابق ژالہ باری کے نتیجے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ متاثرہ افراد نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے نقصانات کا سروے کرکے امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
یہ نہ تو کوئی پھل ہے نہ ہی رس گلے ہیں، یہ اسلام آباد میں پڑنے والے اولے ہیں جو ٹینس بال جتنے موٹے ہیں، ہزاروں گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، فیصل مسجد تک کے شیشے کے دروازے ٹوٹ گئے، یااللہ تو کرم فرما ۔۔ pic.twitter.com/L2ByFaN2i0
— Ifrah Asad (@ifrah_asad) April 17, 2025
محکمہ موسمیات کے مطابق بادلوں میں موجود تیز رفتار اوپر اٹھنے والی ہوائیں، جنہیں ’اپ ڈرافٹ‘ کہا جاتا ہے، اولوں کو بار بار بلندی کی جانب لے جاتی ہیں۔ اس دوران ان پر پانی کی مزید تہیں جمتی رہتی ہیں، جس سے اولوں کا حجم بڑھ جاتا ہے۔ درجہ حرارت میں نمایاں فرق بھی اس عمل کو تیز کرسکتا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں کہیں کہیں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور بٹگرام میں دوپہر کے بعد ہلکی بارش جبکہ بونیر، شانگلہ، سوات اور دیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمے کے مطابق پشاور سمیت صوبے کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ پشاور میں درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔