ویب ڈیسک: ملک کے بالائی علاقوں میں موسم مزید سرد ہونے جا رہا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آج ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ آج ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی پڑے گی۔
پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند اور اسموگ برقرار رہنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا میں بارش کی پیشگوئی کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ سب سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسکردو میں درجہ حرارت منفی 7، زیارت میں منفی 6، جبکہ گوپس میں منفی 5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
گلگت اور کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 4 جبکہ چترال، دیر اور قلات میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔