ویب ڈیسک: شانگلہ اور بونیر میں سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔
پاک فوج کی امدادی ٹیموں نے بونیر اور شانگلہ میں سیلاب متاثرین میں راشن، کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر اشیائے زندگی تقسیم کیں۔
پاک فوج کی میڈیکل ٹیموں نے متاثرین علاقہ کا طبی بھی معائنہ کیا۔ اہل علاقہ نے پاک فوج کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ متاثرین کی بحالی تک پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دوسری جانب، محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ لاہور کے مختلف حصوں میں بدھ کی صبح بوندا باندی کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی دوران شمال مشرقی پنجاب میں تیز اور موسلادھار بارش بھی متوقع ہے جبکہ اسلام آباد اور گردونواح میں بھی بارش ہونے کی پیشگوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، وزیرآباد، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، جھنگ، قصور، اوکاڑہ، چینوٹ، ساہیوال اور بہاولنگر میں بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب کے کئی اضلاع بھی بارش کی لپیٹ میں آسکتے ہیں۔
خیبرپختونخوا کے اضلاع سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، بونیر، کوہاٹ، خیبر، کرم، اورکزئی اور ہنگو میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان کے علاقوں ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، کوہلو، قلات، خضدار، سبی، ڈیرہ بگٹی اور لسبیلہ میں بھی بارش برسنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے کئی اضلاع جن میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، عمرکوٹ، تھرپارکر، میرپورخاص، سانگھڑ، مٹھی اور بدین شامل ہیں، میں شام یا رات کے وقت بارش متوقع ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا اور شمال مشرقی پنجاب میں رات کے اوقات میں موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔