ویب ڈیسک: گزشتہ دنوں مسجد نبویؐ میں اللہ کے مہمانوں کو عبادت کے لیے آواز دینے والی رقت آمیز اور پُرسوز آواز ہمیشہ کے لیے خاموش ہوگئی، شیخ فیصل نعمان خالق حقیقی سے جاملے، سوشل میڈیا پر اُن کی بستر مرگ پر دی گئی آخری اذان کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق 25 سال سے اذان دینے کی سعادت حاصل کرنے والے شیخ فیصل نعمان گزشتہ دنوں خالق حقیقی سے جاملے۔ انھیں سنہ 2000 میں باضابطہ طور پر مؤذن مقرر کیا گیا تھا۔
انہوں نے یہ عظیم اور مقدس ذمہ داری 25 برس تک نہایت اخلاص، عاجزی اور عقیدت کے ساتھ انجام دی, وہ 1422 ہجری سے 1447 ہجری تک مسلسل مسجدِ رسولؐ سے اذان دینے کے فرائض سرانجام دیتے رہے.
اذان دینا شیخ فیصل نعمان کے لیے محض ایک ذمہ داری نہیں بلکہ خاندانی وراثت تھی ان کے دادا اور والد دونوں مسجد نبویؐ میں موذن کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔
شیخ فیصل نعمان کی نماز جنازہ فجر میں ادا کی گئی اور تدفین مدینہ منورہ کے تاریخی جنت البقیع قبرستان میں کی گئی۔
سوشل میڈیا پر اُن کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ بستر مرگ پر ہیں اور وہ اپنی دلگداز آواز میں اذان دے رہے ہیں.
شیخ فیصل نعمان ایک ایسے معزز خاندان سے تعلق رکھتے تھے جن کی خدمات نسل در نسل مسجد نبویؐ میں اذان سے وابستہ رہیں،اس مبارک سلسلے کے ذریعے مسجدِ رسولؐ سے بلند ہونے والی اذان کی آواز نسلوں تک دلوں کو منور کرتی رہی اور امتِ مسلمہ کے لیے روحانی سکون کا ذریعہ بنی۔