پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی الیکشن، چیئرمین اور جنرل سیکرٹری کون ہونگے؟

پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی الیکشن، چیئرمین اور جنرل سیکرٹری کون ہونگے؟
کیپشن: PTI Intra party election
سورس: ویب ڈیسک

ویب ڈیسک: پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی انتخابات کے انعقاد کا معاملہ ، پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی انتخابات کیلئے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے کا وقت ختم ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق انٹراپارٹی انتخابات کے لئےکاغذات نامزدگی جمع کرنے کا وقت سہ پہر تین بجے تک تھا ، بیرسٹر گوہر علی خان نے چیئرمین کے لیے انٹراپارٹی انتخابات میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، اپنے ایک بیان میں بیرسٹر گوہرعلی خان نے کہا ہے کہ  3 مارچ کو ہونے والے انٹرا پارٹی الیکشن میں بیرسٹر علی ظفر چیئرمین اور عمر ایوب جنرل سیکرٹری کیلئے امیدوار ہوں گے۔

مرکزی تنظیم کے لئے عمر ایوب خان کی قیادت میں 15 رکنی پینل نے کاغذاتِ نامزدگی  جمع کروائے،سندھ سے اشرف قریشی، بلوچستان سے محمد اسلم اور خیبرپختونخوا سے نوید انجم نے بھی چیئرمین کے عہدے کے لئے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے۔

پنجاب سے بانی چیئرمین کے نامزد کردہ ڈاکٹر یاسمین راشد کے علاوہ محمد خان مدنی اور اسد حنیف نے بھی پنجاب کی صوبائی تنظیم کے لئے پینلز کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دیے ،سندھ کی تنظیم کے لئے بانی چیئرمین کے نامزد کردہ حلیم عادل شیخ اور خاوند بخش غلام محمد کی قیادت میں دو پینلز کے کاغذاتِ نامزدگی موصول ہوئے۔

بلوچستان سے بانی چیئرمین کے نامزد کردہ ڈاکٹر مینر بلوچ کے علاوہ 5 دیگر افراد نے اپنے پینلز کے ہمراہ کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دیے 

بلوچستان کی تنظیم کے لئے اپنے پینلز کے ہمراہ کاغذاتِ نامزدگی داخل کروانے والوں میں سید جعفر آغا، نوابزادہ امین اللہ جوگیزئی، داؤد شاہ، سید عبدالصادق اور بابر مرغزانی شامل ہوئے۔

خیبرپختونخوا سے بانی چیئرمین کے نامزد کردہ علی امین گنڈا پور کی قیادت میں خیبرپختونخوا کی تنظیم کے لئے پینل کے کاغذاتِ نامزدگی بھی موصول ہوئے۔ 

پاکستان تحریک انصاف کے فیڈرل الیکشن کمیشن کی جانب سے انٹراپارٹی انتخابات میں شرکت کے خواہاں امیدواروں سے کاغذاتِ نامزدگی کی وصولی کے لئے مرکز اور صوبوں میں الگ الگ ریٹرننگ افسران مقرر کئے گئے ۔

ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات طے شدہ شیڈول کے مطابق 3 مارچ کو منعقد کئے جائیں گے۔