ویب ڈیسک: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے سیمی کنڈکٹر ساز کمپنی ایڈوانسڈ مائیکرو ڈیوائسز ( اے ایم ڈی) سے مصنوعی ذہانت (AI) چپس کی خریداری کے لیے 100 ارب ڈالر مالیت کا بڑا معاہدہ کر لیا ہے۔
معاہدے کے تحت میٹا کو اے ایم ڈی میں 10 فیصد حصص بھی حاصل ہوں گے، جو اسے اسٹریٹجک شراکت دار کی حیثیت دے گا۔
میٹا نے اعلان کیا ہے کہ وہ اے ایم ڈی کی جدید ترین MI450 چپس خریدے گی، جنہیں کمپنی اپنے ڈیٹا سینٹرز کی رفتار اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے استعمال کرے گی۔ اس اقدام کا مقصد اے آئی انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانا اور مسابقتی برتری حاصل کرنا ہے۔
یہ ڈیل ٹیکنالوجی انڈسٹری میں چِپس کی بڑھتی ہوئی طلب اور کمپنیوں کے درمیان سخت مقابلے کی عکاسی کرتی ہے، جہاں بڑی کمپنیاں اے آئی کی دوڑ میں سبقت لینے کے لیے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس OpenAI نے بھی اے ایم ڈی کے ساتھ شراکت داری کی تھی، جس کے تحت چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی نے اے ایم ڈی میں حصص حاصل کیے تھے۔