عالمی ادارے کی رپورٹ فرد جرم،حکمران استعفیٰ دیں

عالمی ادارے کی رپورٹ فرد جرم،حکمران استعفیٰ دیں
لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے عالمی ادارے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو پی ٹی آئی حکومت کیخلاف فرد جرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرپٹ حکمران استعفیٰ دیں کیونکہ ملک ان کی لوٹ مار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ان لوگوں کی چوریاں پکڑی جا رہی ہیں جو روزانہ دوسروں پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہیں۔ اب عالمی ادارے انھیں کرپٹ اور چور قرار دے رہے ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ ملک کرپشن میں 14 ممالک سے نیچے چلا گیا ہو۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ اگر وزیراعظم اور اس کی ٹیم ایماندار ہو تو اس کا اثر نیچے نظر آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں پاکستان کی رینکنگ بہتر ہو کر 117ویں نمبر پر آ گئی تھی۔ رینکنگ بہتر ہونے سے پاکستان کی عالمی سطح پر عزت میں اضافہ ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہر شعبے میں کرپشن ہوگی تو پاکستان کرپشن انڈیکس میں 140 ویں پر کیوں نہیں جائے گا؟ 2019ء سے 2021ء تک ہر سال تحریک انصاف کے دور میں پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہوا جبکہ ہمارے دور حکومت میں ہر سال کرپشن میں کمی واقع ہوئی۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہل اور ایماندار قیادت میں پاکستان میں کرپشن میں کمی آئی تھی۔ ہماری اصلاحات، شفافیت اور گڈ گورننس سے کرپشن انڈیکس میں رینکنگ 23 درجے بہتر ہوئی تھی۔ افسوس کا مقام ہے کہ موجودہ کرپٹ ٹولے نے ساری محنت ضائع کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور میں پاکستان کرپشن میں تیزی سےترقی کر رہا ہے۔ اب دنیا کہہ رہی ہے کہ وزیراعظم چور ہے۔ دکھ ہے کہ عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی۔ کرپشن کے انٹرنیشنل انڈیکس میں پاکستان کا 16 درجے مزید نیچے جانا افسوسناک ہے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر رد عمل دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے دوسری بار گواہی دی کہ عمران نیازی حکومت کرپٹ اورچور ہے، عالمی ادارے کی رپورٹ فرد جرم ہے لہٰذا کرپٹ حکمران استعفیٰ دیں کیونکہ ملک ان کی لوٹ مار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے دوسری بار گواہی دی کہ عمران خان کی حکومت چور اور کرپٹ ہے۔ عالمی ادارے کی رپورٹ فرد جرم ہے، لہٰذا کرپٹ حکمران استعفیٰ دیں کیونکہ ملک ان کی لوٹ مار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

Watch Live Public News