عمران خان نےعلی امین گنڈاپور کو پارٹی کی صوبائی صدارت سے ہٹادیا

عمران خان نےعلی امین گنڈاپور کو پارٹی کی صوبائی صدارت سے ہٹادیا
کیپشن: صدرخیبرپختونخواکاعہدہ علی امین گنڈاپورسے واپس،اہم رہنما کو دیدیا

ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو پارٹی کی صوبائی صدارت سے ہٹادیا۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے پارٹی کی صوبائی صدارت کا عہدہ واپس لے لیا ہے اور ان کی جگہ اب جنید اکبر کو پارٹی کا نیا صوبائی صدر مقرر کیا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو جنید اکبر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔

اس کے علاوہ عمران خان نے سلمان اکرم راجہ کو پنجاب میں پارٹی کی تشکیل نو کے لیے مشاورت کی ہدایت بھی کی ہے۔

اس حوالے سے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ علی امین خود بھی چاہتے تھے وہ پارٹی صدارت اپنے پاس نہ رکھیں، بانی پی ٹی آئی نے علی امین کو کہا ہے کہ صوبے میں دہشتگردی اور گورننس کے معاملات پر فوکس کریں۔

سلمان اکرم راجا کا مزید کہنا تھا کہ یہ فیصلہ جنید اکبر کی عمران خان سے جیل میں ملاقات کے دوران کیا گیا۔ ملاقات میں ایم این اے عاطف خان، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بچھر، ایم پی اے پنجاب میاں فرحت عباس بھی شریک تھے۔ پی ٹی ائی کی سابق رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ کو بھی پنجاب میں اہم تنظیمی عہدہ ملنے کا امکان ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ اگر حکومت مذاکراتی کمیٹی ملاقات 28 جنوری کو کراتی ہے تو پھر دیکھیں گے۔ ہمارا موقف یہی ہے کہ پہلے کمیشن بنائیں۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ 28 جنوری کو حکومت ملاقات کرائے۔

Watch Live Public News