(ویب ڈیسک )پاکستان میں سردی کی شدید لہر کے دوران بارش اور برفباری برسانے والا ایک نیا اور طاقتور موسمی نظام آج ملک میں داخل ہونے جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مغربی ہواؤں کا یہ سلسلہ آج رات سے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سبب بنے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس سسٹم کے زیر اثر بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ اسی دوران مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت پنجاب کے متعدد علاقوں میں بھی بارش اور برفباری کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ جبکہ 25 اور 26 جنوری کے دوران سندھ کے بعض حصوں میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب بلوچستان میں آج رات سے 27 جنوری تک بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، گوادر، جیوانی، پسنی، اورماڑہ، خضدار، کیچ، تربت، چاغی، تفتان، نوکنڈی، دالبندین، پنجگور، قلات، واشک، سوراب، ژوب، مستونگ، خاران، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، لورالائی، موسیٰ خیل اور آواران میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جیوانی، پسنی، خضدار، آواران، چاغی، پنجگور اور کیچ کے بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے، جبکہ کچھی، سبی، زیارت، ہرنائی، دکی، لورالائی اور لسبیلہ میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح زیارت، چمن، پشین، ہرمازئی، خانوزئی اور کان مہترزئی میں برفباری کی توقع ہے، جبکہ مسلم باغ، لوئی بند، قلعہ عبداللہ، گلستان اور دوبندی میں ہلکی سے معتدل برفباری اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔