ویب ڈیسک: اسلامی نظریاتی کونسل اور پاپولیشن کونسل کے اشتراک سے منعقدہ ایک روزہ مشاورتی اجلاس میں جید علما نے بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفے کو ماں اور بچے کی صحت کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔
"اسلام میں تصور میزان و احسان، وسائل و آبادی میں توازن، ہماری بقا، ہمارا مستقبل" کے عنوان سے ہونے والے اجلاس کی صدارت اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کی۔
اجلاس میں پاپولیشن کونسل کے سینئر ڈائریکٹر ڈاکٹر علی محمد میر اور ڈائریکٹر کمیونیکیشن علی مظہر نے پاکستان میں آبادی کے بڑھتے ہوئے دباؤ اور اس کے اثرات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ہر سال 11 ہزار خواتین حمل اور زچگی کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں۔
علما نے کہا کہ شریعت کی روشنی میں بچوں کی پیدائش میں وقفہ رکھنا والدین کی ذمہ داری ہے تاکہ ماں اور بچے کی صحت محفوظ رہ سکے، تاہم کوئی ایسا طریقہ اختیار نہ کیا جائے جو شرعی یا طبی طور پر مضر ہو۔