ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس اپنے مقررہ راستوں پر گامزن، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس اپنے مقررہ راستوں پر گامزن، سیکیورٹی کے سخت انتظامات
کیپشن: ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس اپنے مقررہ راستوں پر گامزن، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

ویب ڈیسک: نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں 9 محرم الحرام کے ماتمی جلوس اور مجالسِ عزا عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد کیے جا رہے ہیں۔ جلوس اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہیں، جبکہ سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔

کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد

کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے۔ جلوس کے باعث ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

لاہور میں شبیہہ ذوالجناح کا جلوس جاری

لاہور میں امام بارگاہ قصرِ بتول شادمان سے برآمد ہونے والا شبیہہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے۔ جلوس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہے، جبکہ سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات اور خصوصی نگرانی کا اہتمام کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں 16 ہزار اہلکار تعینات

وفاقی دارالحکومت میں 9 محرم کے مرکزی جلوس کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے امام بارگاہ اثنا عشری کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا اور تمام پولیس یونٹس کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے بتایا کہ جلوس کی حفاظت کے لیے پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے اہلکاروں سمیت تقریباً 16 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی کے پانچ حصاری انتظامات، کنٹرول رومز کے قیام اور مختلف راستوں پر کنٹینرز لگا کر نگرانی مزید مؤثر بنائی گئی ہے۔

پشاور میں مجالسِ عزا کا سلسلہ جاری

پشاور کے مختلف امام بارگاہوں میں شہدائے کربلا کی یاد میں مجالسِ عزا منعقد کی جا رہی ہیں۔ شہر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ حساس علاقوں اور اندرون شہر کی نگرانی مزید بڑھا دی گئی ہے۔

کوئٹہ میں 9 محرم کا جلوس اختتام پذیر

کوئٹہ میں میکانگی روڈ پر امام بارگاہ ناصرالعزا سے برآمد ہونے والا 9 محرم الحرام کا جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا اختتام پذیر ہوگیا۔ جلوس کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جبکہ روٹ سے ملحقہ راستوں کو سیل اور کاروباری مراکز کو احتیاطی طور پر بند رکھا گیا۔

ملک بھر میں یومِ عاشور کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں اور جلوسوں و مجالس کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

Watch Live Public News