اسلام آباد (پبلک نیوز) نیپرا نے بجلی کمپنیوں کی کارکردگی جائزہ رپورٹ 2019-20 جاری کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق بجلی کمپنیاں نقصانات میں کمی کرنے اور ریکوری بڑھانے میں ایک بار پھر ناکام ہو گئیں۔ ایک سال میں بجلی کی تقسیم و ترسیل کے نقصانات کے باعث انسٹھ ارب روپے کا نقصان ہوا۔ نیپرا رپورٹ کے مطابق بجلی کمپینوں کی جانب سے ایک سال میں 160 ارب روپے کی کم ریکوری کی گئی۔ گیپکو اور فیسکو کے علاوہ تمام کمپنیاں لاسز کنٹرول کرنے میں ناکام رہیں۔ تمام بجلی کمپنیاں ریکوریز کا سو فیصد ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔رپورٹ کے مطابق بجلی کمپنیاں اپنے مقررہ کوٹے سے کم بجلی لے رہی ہیں۔ کوٹے سے کم بجلی لینے کے باعث مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ کمپنیوں کا لوڈشیڈنگ کا معیار نیپرا کے کاکردگی معیارات سے مختلف ہے۔ نیپرا رپورٹ کے مطابق بجلی کمپنیوں میں ایک سال میں انسانی جانوں کی ہلاکتوں کے 160 واقعات ہوئے۔ اصلاحات نہ لانے پر نیپرا نے بجلی کمپنیوں کی نجکاری کے اقدام کی تجویز دے دی ہے۔ بجلی کمپنیوں کی نجکاری کی ابھی تجویز ہے، اس پر کوئی بھی فیصلہ یا پیش رفت نہیں ہوئی.