ویب ڈیسک: نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی ہے جبکہ نواژ شریف کا 3 اکتوبر سے 5 اکتوبر کے درمیان لاہور سے لندن کے لیے روانہ ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ٹیکنالوجی، کاروبار اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے چینی سرمایہ کاروں کو مراعات اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے مخصوص "چائنیز اکنامک زونز" کے قیام کی تجویز پیش کی۔
صدر نوازشریف نے کہا ہے کہ چین ہمارا قابل اعتماد دوست ہے اور ہمیں اس عظیم قوم کے ساتھ اپنے تعلقات پر فخر ہے۔ مریم نواز شریف پنجاب کے عوام کے لیے بہت سے فلاحی منصوبوں کی قیادت کر رہی ہیں، جن کے ساتھ ساتھ پنجاب انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی میں چین کے تعاون کا خیرمقدم کرے گا۔
وزیرِ اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہم چین کے ساتھ مل کر معاشی معجزے پیدا کر سکتے ہیں۔ہم پنجاب میں اپنے چینی دوستوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔ہم چین کی کامیابی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں۔ پاکستان غربت میں کمی کے لیے چینی ماڈل سے بہت فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ چین بھی پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں میں اس دوستی میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ CPEC کے اپ گریڈڈ وژن میں پنجاب کی شمولیت کا خیرمقدم کریں گے جس میں خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی بھی شامل ہے۔چین پنجاب میں زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے مزید کہا کہ کسان کارڈ، ٹریکٹر سکیم جیسے وزیراعلیٰ کے اقدامات کو سراہا اور بتایا کہ پنجاب میں چین کے تعاون سے 5 لاکھ ایکڑ رقبے پر زیادہ پیداوار دینے والی ہائبرڈ ریپسیڈ کاشت کی جا رہی ہے اور اب وہ اس رقبے کو دوگنا کرنا چاہتے ہیں۔پاکستان کے 1000 کسانوں کو چینی ماہرین جدید کاشتکاری کی تکنیک کی تربیت دیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے زراعت میں مشینوں اور پانی کے موثر استعمال کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ان شعبوں میں چینی مہارت سے استفادہ بہت اہمیت کا حامل ہو گا۔
عزت مآب جناب جیانگ زیڈونگ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو دورہ چین کی دعوت دی جو وزیرِ اعلیٰ نے شکریہ کے ساتھ قبول کر لی اور کہا کہ مریم نواز شریف کو پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ کے طور پر چین میں خوش آمدید کہا جائے گا۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ محمد نواز شریف کی وزارت عظمیٰ کے دوران پاک چین تعلقات کی ایک طویل تاریخ رہی۔محمد نواز شریف کے دور حکومت میں پاک چین تعلقات بہت بلندیوں پر گئے اور مریم نواز شریف کے ساتھ مل کر اسے مزید آگے لے جانے کی امید رکھتے ہیں۔ ملاقات میں سینیٹر پرویز رشید اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی لندن روانگی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق نواژ شریف کا 3 اکتوبر سے 5 اکتوبر کے درمیان لاہور سے لندن کے لیے روانہ ہونے کا امکان ہے، نواز شریف لندن اپنے طبی معائنہ کروائیں گے۔ نواز شریف لندن میں پارٹی کے نئے عہدیداروں سے ملاقات بھی کریں گے۔