ایران جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے، فیصلہ امریکا نے کرنا ہے: مسعود پزشکیان

ایران جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے، فیصلہ امریکا نے کرنا ہے: مسعود پزشکیان
کیپشن: ایران جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے، فیصلہ امریکا نے کرنا ہے: مسعود پزشکیان

ویب ڈیسک: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران جنگ جاری نہیں رکھنا چاہتا اور اب جنگ کے خاتمے کا فیصلہ امریکا کو کرنا ہے۔

فوکس نیوز کو انٹرویو میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات پر تیار ہے، تاہم دباؤ یا طاقت کی زبان قبول نہیں کرے گا۔ ان کے مطابق بات چیت کے ذریعے مسائل حل کیے جاسکتے ہیں تو جنگ کی ضرورت نہیں۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ایران امریکا کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدہ کرنے کو تیار ہے اور سوال اٹھایا کہ کسی معاہدے پر دستخط کے صرف دو ہفتے بعد اسے ختم کیوں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر امریکا بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے معاہدہ کرنا چاہتا ہے تو تہران مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ان کے داماد جیرڈ کشنر سے ملاقات کی، تاہم مذاکرات میں فوری پیش رفت نہیں ہوسکی۔

پزشکیان نے ایران پر دہشت گردی کی سرپرستی کے امریکی الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے کسی ملک پر حملہ نہیں کیا بلکہ اپنی سرزمین کے دفاع میں کارروائیاں کی ہیں۔

حوثیوں سے متعلق ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اقدامات کے خود ذمہ دار ہیں اور تہران سے ہدایات نہیں لیتے، تاہم ایران کے حوثیوں کے ساتھ رابطے موجود ہیں۔

Watch Live Public News