(ویب ڈیسک ) آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن شعبان کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مزید دہشتگرد ٹھکانے تباہ کر دیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندستان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری ہیں ،21 ستمبر سے اب تک 33 دہشتگرد جہنم واصل کردیے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آپریشن شعبان کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مزید دہشتگرد ٹھکانے تباہ کر دیے، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج ہلاک ہوگئے۔آپریشن شعبان میں اب تک 22 خوارج ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے سے دہشتگردی کے خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نوشکی میں 25 ستمبر کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا،سیکیورٹی فورسز کی دہشتگردوں کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ نوشکی آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 11 دہشتگرد ہلاک ہوئے،غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وژن عزمِ استحکام کے تحت ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے انسدادِ دہشتگردی مہم بھرپور رفتار سے جاری رہے گی۔