ویب ڈیسک: سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک نوٹیفکیشن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پنجاب کے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے بسنت فیسٹیول کے سلسلے میں یکم فروری سے 10 فروری 2026 تک صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکول بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
مبینہ نوٹس کے مطابق اسکول دس دن کے لیے “ بسنت کی وجہ سے” بند رہیں گے اور پتنگ بازی کی سرگرمیوں کو سہولت دینے کے لیے اسکولوں کی چھتیں لیز یا نیلام کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ضلعی تعلیمی اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز، اسکول سربراہان اور دیگر متعلقہ افسران ان احکامات پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
تاہم پنجاب حکومت کی جانب سے ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔ صوبے بھر میں اسکول معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور بسنت کے حوالے سے تعطیلات بڑھانے کا کوئی سرکاری فیصلہ نہیں کیا گیا۔
تعلیم کے وزیر رانا سکندر حیات اسکولوں کے شیڈول اور تعطیلات سے متعلق سرکاری اعلانات باقاعدگی سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری کرتے ہیں۔تاہم ان کےاکاؤنٹ پربھی بسنت کے باعث اسکول بند کرنے کے حوالے سے کوئی بیان یا نوٹیفکیشن نہیں دیکھا گیا۔